انسداد ڈینگی ،ناقص کارکردگی پر سخت ایکشن ہو گا :کمشنر

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈویژن مریم خان نے کہا ہے کہ بدلتے موسم کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کی مکمل سرویلنس کی جائے ناقص کارکردگی کے حامل محکموں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی مہم بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر،ڈویژنل انتظامیہ و محکمہ صحت کے افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں انسداد ڈینگی مہم کے اقدامات اور آگاہی مہم کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے محکمہ صحت،ڈپٹی کمشنرز کو انسداد ڈینگی مہم کا ٹاسک دیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کو ڈینگی سے پاک کرنا حکومت پنجاب کا عزم ہے ۔ڈینگی کنٹرول ٹیمیں فیلڈ میں کام کرتیں ہوئیں نظر آئیں، غلط رپورٹنگ برداشت نہیں کروں گی۔ڈینگی کنٹرول میں فیصل آباد ڈویژن صوبے بھر میں ٹاپ پوزیشن پر ہونا چاہیے ۔