صحافی فرحان ملک کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے ریاست مخالف ویڈیوز بنانے سے متعلق کیس میں صحافی فرحان ملک کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔۔
عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، جبکہ تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے ۔جمعرات کو عدالت میں ریاست مخالف ویڈیوز کے معاملے پر صحافی فرحان ملک کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ فرحان ملک کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ایف آئی اے اب تک یہ نہیں بتا سکی کہ جرم کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ویب سائٹ پر مواد موجود ہے تو کس بنیاد پر جسمانی ریمانڈ لیا گیا۔ تفتیشی افسر سے عدالت نے پوچھا کہ ملزم کو جیل کسٹڈی میں منتقل کرنے کے بجائے دوسرے کیس میں کیوں گرفتار کیا گیا۔اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ انہیں فون آیا تھا،جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نام طلب کیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی کی این او سی کے اجرا کے لیے درخواست پر کنٹونمنٹ بورڈ فیصل سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ۔ عدالت نے عید کی تعطیلات کے بعد فریقین سے جواب طلب کیا ہے ۔دریں اثناء سندھ ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کے کال اپ نوٹس کے خلاف بزنس مین کی درخواست پر ایف آئی اے کو درخواست گزار کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔