کراچی: شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کا شدید احتجاج

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ سٹی ولاز کے مکین شدید گرمی کے موسم میں کے الیکٹرک کی جانب سے طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنے کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

شہریوں نے بجلی کی گھنٹوں بندش کے خلاف شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے احتجاج کے دوران ٹائر جلا کر مین شاہراہ کو بھی بند کر دیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔

مکینوں نے موقف اپنایا کہ شدید گرمی میں 14 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک انتظامیہ کو ہماری مشکلات کا احساس ہی نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام نوٹس لیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ گیا جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے شہر میں ہیٹ ویو سے ایک ہفتے میں 427 افراد کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان خواجہ اظہار الحسن نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہیٹ ویو کی وجہ سے ایک ہفتے میں 427 گھر اجڑ چکے ہیں، سرد خانے میتوں سے بھر گئے ہیں، ایدھی انتظامیہ کے پاس جگہ نہیں ہے۔

خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہا ہے کہ افسوس شہر میں این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کا کوئی کیمپ نہیں ہے، کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کیخلاف 427 افراد کے قتل کی ایف آئی آر درج ہونی چاہیے، کراچی کو لوڈشیڈنگ فری زون ڈکلیئر کیا جائے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں