ٹریفک پولیس افسر اور ملازمین عیدی مہم میں مصروف ، ٹریفک نظام درہم برہم ، بھاری جرمانے

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ٹریفک پولیس افسر اور ملازمین کی جانب سے پہلے سلام پھر کلام کے سلوگن کو چھوڑ کر پہلے چالان پھر کلام کا سلوگن اپنا لیا گیا۔
ٹریفک پولیس افسروں اور ملازمین کی جانب سے عیدی مہم چلاتے ہوئے شہریوں کے بھاری مالیت کے چالان کرنے کے ساتھ مبینہ طور پر چالان کی رقوم کی ادائیگی کے لئے بھی اپنے پرسنل پرائیویٹ افراد کو اپنے ساتھ کھڑا کرتے ہوئے موقع پر ہی جرمانوں کی ادائیگیوں کے ساتھ شہریوں سے زائد پیسوں کی ادائیگیاں کرواتے ہوئے اپنی جیبوں کو بھرنے کی مہم بھی تیز کر دی گئی ۔ ملازمین کا مکمل دھیان عیدی مہم پر مرکوز ہونے کی وجہ سے شہر بھر کی مین شاہراہوں پر ٹریفک بلاک کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس افسر اور ملازمین کی جانب سے نہ صرف اپنے رویوں میں تلخی لاتے ہوئے شہریوں کے ساتھ ناروا رویہ اختیار کرنا معمول بنا لیا گیا ٹریفک کے بہاؤ میں بھی شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔ مختلف علاقوں میں گروپس کی صورت میں ناکہ بندی کرتے ہوئے ہر شہری کو روک کر عیدی مہم چلاتے ہوئے بلا جواز چالان کئے جا رہے ہیں اور چالان کی رقوم کی ادائیگی کے لئے بھی مبینہ طور پر ٹریفک پولیس افسروں اور ملازمین کی جانب سے اپنے ساتھ پرائیویٹ افراد کو رکھ لیا گیا ہے ۔ ۔ تاہم چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کے مطابق شہریوں کو منظم اور محفوظ نظام ٹریفک کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔