ریلوے کا عوامی سہولت کیلئے نئی شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)ریلوے انتظامیہ نے عوام کی سہولت کے پیش نظر ڈیرہ غازی خان، ملتان، ڈیرہ غازی خان کے درمیان کے نام سے 16 اپریل 2025 سے شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شٹل ٹرین ڈی این 227 ملتان سے صبح 5بجکر30 منٹ پر روانہ ہو کر شیر شاہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو سے ہوتی ہوئی صبح9بجکر 30 منٹ پر ڈیرہ غازی خان پہنچے گی۔ جبکہ ڈی این 228 ڈیرہ غازی خان سے دن 11بجے روانہ ہو کر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی دوپہر2بجکر 50 منٹ پر ملتان کینٹ ریلوے سٹیشن پہنچا کرے گی۔ یاد رہے کہ یہ ٹرین4 ا کانومی کلاس کوچز اور ایک بریک وین پر مشتمل ہوگی۔ ریلوے انتظامیہ نے کراچی سٹی ریلوے سٹیشن سے کوئٹہ کے درمیان چلنے والی 3اپ بولان میل کے اوقات کار میں 27 اپریل 2025 سے تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے ۔نئے شیڈول میں ٹائم ٹیبل کے مطابق کراچی سٹی سے بولان میل3اپ شام4بجے روانہ ہو کر کوٹری،سیہون شریف،دادو،شکار پور،جیکب آباد،سبی سے ہوتی ہوئی اگلے روز شام 4بجے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پہنچے گی۔دریں اثنا ریلوے انتظامیہ کے متعدد دعووں کے باوجود ٹرین شیڈول معمول پر نہ آسکاکراچی اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں سے آنے والی ٹرینیں گھنٹوں لیٹ ہوئیں کراچی سے آنے والی ملت ایکسپریس 10 گھنٹے خیبر میل ایکسپریس 6 گھنٹے 50 منٹ پاک بزنس ایکسپریس 5 گھنٹے 40 منٹ قراقرم ایکسپریس 4 گھنٹے 20 منٹ شاہ حسین ایکسپریس 3 گھنٹے 30 منٹ علامہ اقبال ایکسپریس 3 گھنٹے 10 منٹ پاکستان ایکسپریس 2 گھنٹے 40 منٹ لیٹ ہوئی، ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا۔