میٹرک وانٹر امتحانات کیلئے ایس او پیز جاری

ملتان (خصوصی رپورٹر)میٹرک و انٹر سالانہ امتحانات 2025 پریکٹیکل بارے ایس او پیز جاری ، کنٹرولر امتحانات حامد سعید بھٹی کی جانب سے جاری۔۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام امیدواروں کو دوران امتحان درکار ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔ ہر امیدوار کو انفرادی طور پر پریکٹیکل کر کے دکھانا ہوگا۔ عملی امتحانات کے دوران سخت نگرانی کے انتظامات کئے گئے ہیں لہذا نقل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ پریکٹیکل امتحان کے دوران کسی بھی غیر متعلقہ فرد یا ٹیچر کو لیب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ صرف ایگزامینر کے ساتھ لیب اٹینڈنٹ موجود رہے گا۔ امیدوار کو عملی امتحان میں سوالات کے مطابق خود کار کام کرنا ہوگا بصورت دیگر وہ ناکام ہو سکتے ہیں۔ کسی بھی استاد یا مددگار کو امتحان کے دوران لیبارٹری میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جو امیدوار عملی نوٹ بک یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا اس کے خلاف حسب ضابطہ یو ایم سی درج کیا جائے گا، تمام امیدواروں کو اپنی عملی نوٹ بکس خود اپنے ہاتھ سے لکھنی ہوں گی اور متعلقہ سائنس اساتذہ سے تصدیق کروانا ہوگی مارکیٹ سے حاصل کردہ تیار شدہ عملی نوٹ بک قابل قبول نہیں ہوگی۔