صالح پٹ میں غیرت کے نام پر بیوی کا گلا دباکر قتل

روہڑی ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) صالح پٹ کے نواحی گاوں کھاہی میں ایک شخص شمن منگی نے مبینہ طور پر اپنی 37 سالہ بیوی مسمات نصیراں کو سیاہ کاری کے الزام میں گلا دبا کر قتل کر دیا۔
ملزم نے خود ہی صالح پٹ تھانے میں پیش ہو کر اعتراف جرم کر لیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے غیرت کے نام پر بیوی کو وقار پسیو کے ساتھ حالت غیر میں پکڑا اور اسی وجہ سے قتل کیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تعلقہ ہسپتال روہڑی منتقل کی۔ پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ میہڑ اے سیکشن تھانہ کی حدود میں ہنڈا شوروم کے قریب کمانگر اور جتوئی برادری کے دو فریقین کے درمیان پیسوں کی لین دین پر جھگڑا ہوا، جس کے نتیجے میں بخت علی جتوئی ولد قربان علی جتوئی قتل ہو گیا۔ اس جھگڑے میں اظہر جتوئی زخمی ہوا۔ مقتول اور زخمی کو تحصیل اسپتال میہڑ لایا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ اس کے علاوہ میہڑ شہر کے بیٹو روڈ پر لوڈر رکشا اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم میں رانو کھوسو نامی مشہور بیوپاری موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ حادثے میں اکبر مزاری اور اس کا بیٹا زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو تحصیل اسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا۔ جب کے ورثا نے سینکڑوں افراد کے ساتھ لاش ایمبولنس میں رکھ کر میہڑ تھانہ پر احتجاج کیا اور مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ۔ اس موقع پر مقتول کے بھائی ہمت علی جتوئی نے میڈیا کو بتایا کہ کمانگر برادری کے افراد نے پیسوں کے لین دین پر فائرنگ کرکے ہمارے نوجوان کو قتل کیا ہے ۔