ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹی بی پروگرام پرآگاہی تقریب

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام اور ۔۔۔
طبیباں بے سرحد کے اشتراک سے آگاہی تقریب کا اہتمام کیاگیا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) فیصل سلطان تقریب کے مہمان خصوصی تھی جبکہ پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر،سی او ہیلتھ ڈاکٹر معیز،ڈی ایچ او ڈاکٹر عادل ایوب،ایم ایس ڈاکٹر ارشاد،پراجیکٹ ڈائریکٹر ایم ایس ایف و دیگر نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جی فیصل سلطان نے کہا کہ ٹی بی ایک قابل علاج مرض ہے ، ہمیں چاہئے کہ ٹی بی کیخلاف جنگ میں متحد ہوں ،اس بیماری پر قابو پانے کیلئے درکار علم اور وسائل سے کمیونٹیز کو بااختیار بنائیں۔پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر نے کہا کہ ہر سال 24مارچ کو، ہم خود کو یاد دلانے کیلئے تپ دق کا عالمی دن مناتے ہیں۔ ڈاکٹر اقبال حسین نے کہا کہ یہ دن 1882 میں ڈاکٹر رابرٹ کوچ کی بنیادی دریافت کا جشن منانا ہے جس نے تپ دق کے بیکیلس کی نشاندہی کی اور تپ دق کیخلاف جنگ میں ایک انقلاب برپا کیا۔ پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ایم ایس ایف ڈی آر ٹی بی پراجیکٹ مس لیلی امالاٹوا نے کہا کہ ورلڈ ٹی بی ڈے 2025 ایک طاقتور پیغام کیساتھ آیا ہے ، ہم ٹی بی کو ختم کر سکتے ہیں۔اس سال کی ٹی بی آگاہی مہم کا مقصد ٹی بی کیخلاف جنگ میں پیشرفت کو تیز کرنا ہے ۔