ترقیاتی کاموں میں کروڑوں روپے کے گھپلوں کا انکشاف،انکوائری التواء کا شکار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) پی ڈبلیوڈی سرگودھا میں ترقیاتی کاموں میں کروڑوں روپے کی مالی بد عنوانیوں کے انکشافات کے بعد اثر ورسوخ کے باعث انکوائری التواء کا شکار ہو کر رہ گئی ۔
، ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور پی ڈبلیو ڈی کے اعلیٰ حکام کو دی گئی درخواستوں پر ہونیوالے ابتدائی چھان بین میں انکشاف ہوا کہ مسلم لیگ ن کی سابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر جولائی2023میں پی ڈبلیو ڈی کے تحت مجموعی طور پر 21کروڑ روپے کے ترقیاتی کام شروع ہوئے ، جن میں بعض ایسی سکیموں کیلئے فنڈز مختص کئے گئے جو کہ پہلے کی مکمل تھیں انہی میں ترکھانوالہ روڈ کی سکیم بھی شامل ہے جس کیلئے ایک کروڑ نوے لاکھ روپے مختص کئے گئے ، سڑک کا اڑھائی کلو میٹر کا حصہ 2012میں مکمل تھا ، اور ٹھیک حالت میں ہے مگر پی ڈبلیو ڈی افسران اور ٹھیکیدار نے مبینہ جعلسازی کی تاکہ بوگس بلنگ کے ذریعے رقم نکلوائی جا سکے ،سڑک کے ایک طرف سیم نالہ اور دوسری طرف چند لاکھ روپے کی مٹی ڈالی گئی، سب بیس پہلے سے مکمل تھی مگر دانستہ طور پر اسے اکھاڑ دیا گیا، اسی طرح رادھن اورفروکہ کے علاقوں کی 2کروڑ 70لاکھ روپے کی دو سکیمیں جس ٹھیکیدار کمپنی کو دی گئیں اس میں پی ڈبلیو ڈی کا ایک اعلی افسر حصے دار بتایاجاتا ہے ، متذکرہ تینوں سکیموں کی مد میں 25دن میں لگ بھگ 3کروڑ12لاکھ روپے کی ادائیگیاں بھی کر دی گئیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مثبت پیش رفت تاحال سامنے نہیں آ سکی اور معاملات کو دبایا جا رہا ہے ۔