فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ،10لٹر رینسڈ آئل ،5کلو کھلے اجزاء تلف

ملتان (لیڈی رپورٹر) ماہ صیام میں کھانے پینے کی اشیاء کو بہتر بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگرم۔۔۔
، فوڈ سیفٹی ٹیموں کی ملتان، وہاڑی اور لودھراں میں متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، وہاڑی میں واٹر پلانٹ کی اصلاح تک پروڈکشن بند، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد، 10 لٹر رینسڈ آئل، 5 کلو کھلے اجزاء تلف ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایت پر رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ناقص اشیاء کی روک تھام کیلئے سحری و افطاری پوائنٹس، ہوٹلوں اور بیکریوں کی انسپکشن کا سلسلہ جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں ہیڈ نواب پور میں 2 تکہ شاپس کو حشرات کی بھرمار، صفائی کے ناقص انتظامات، ٹوٹے اور آلودہ فریزر میں خوراک کی سٹوریج پر 40 ہزار، قاسم بیلہ میں پیزا پوائنٹ، باربی کیو پوائنٹ اور ہوٹل کو کھانوں میں رینسڈ آئل کے استعمال، کھلے مصالحہ جات کے استعمال، صاف پانی کی کا استعمال نہ کرنے ، خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے پر 15، 15 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ اسی طرح محمود آباد گلی نمبر 7 اور کوٹ ربنواز میں 2 فوڈ پوائنٹس کو سموسے اور دیگر اشیاء کی تیاری کے دوران صفائی کا خاص خیال نہ رکھنے ، آئل تبدیلی ریکارڈ نہ ہونے ، خوراک کی زمین پر سٹوریج پر مجموعی طور پر 65ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے۔